اسلام آباد(آئی ایم ایم)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور آیئن پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دی گئی ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا دین اور آئین اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھنے کا درس دیتے ہیں، ہمارے نبی کریم ﷺ اور قائد اعظم ؒ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے۔ تمام اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت امتیازی سلوک کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ آج کے دن ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید موثر انداز میں عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔