اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے شہید کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔