اسلام آباد(آئی ایم ایم) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے دفتر مشیر طالبات (خواتین کیمپس) نے گلوبل ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے تعاون سے یوم آزادی تقریبات اور ماحول دوست پالیسی کے تناظر میں پیر کے روز دو روزہ شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔اس شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں منعقد ہوئی جہاں خواتین کیمپس کی انچارج ڈاکٹر سمیہ چغتائی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی پائیداری کے اہم کردار پر زور دیا اور طالبات اور عملے کی حوصلہ آفزائی کی کہ وہ شجر کاری کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔اس شجر کاری مہم میں پورے کیمپس میں 200 سے زیادہ پودے لگائے گئے۔
ڈاکٹر سعدیہ سلیم، مشیر طالبات نے شرکاء اور گلوبل ہیومن رائٹس نیٹ ورک کی چیئرپرسن محترمہ مریم ادریس کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تقریب کو ممکن بنانے میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کمیونٹی کی بھرپور شرکت کے ساتھ یہ تقریب ایک شاندار کامیابی تھی۔منتظمین کے مطابق اس اقدام نے نہ صرف کیمپس کو خوبصورت بنایا بلکہ ماحول کے معیار کو بہتر بنانے اور ایک صحت مند ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے ایک عملی قدم کے طور پر بھی کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم یونیورسٹی کی ماحولیاتی ذمہ داری کے لیے لگن اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی اقدامات میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔