اسکردو (آئی ایم ایم)ٹیلی نار پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقے میں اپنے نیٹ ورک میں توسیع کر کے ہنزہ میں اپنی جدید ترین انٹرنیٹ سروسز کا آغازکر دیا۔ گلگت اور اسکردو میں اپنے نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن اور توسیع کے ساتھ یہ خطے کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ اقدام کنیکٹیویٹی کو بڑھانے، مقامی سیاحت کو فروغ دینے اور ہنزہ اور اسکردو سمیت گلگت بلتستان کے وسیع تر علاقے میں ای کامرس کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
اپنے سیلولر انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرتے ہوئے، ٹیلی نار پاکستان ملک کے انتہائی خوبصورت اور دور دراز علاقوں میں تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ متعارف کروا رہا ہے۔ یہ پیشرفت نہ صرف مقامی آبادی کی کنیکٹیویٹی کی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ گلگت بلتستان کی سیاحت کی صنعت اور ڈیجیٹل اکانومی کی توسیع کے لیے بھی راہ ہموار کرے گی ۔ انٹرنیٹ کی بہتر رفتار ای کامرس پلیٹ فارمز کی توسیع میں بھی معاونت کرے گی، جس سے مقامی کاروباروں کو وسیع تر مارکیٹوں تک پہنچنے اور خطے کے اندر اور باہر اقتصادی مواقع تک رساٸ میں مدد ملے گی۔
اس اہم سنگِ میل کے موقع پر ٹیلی نار پاکستان نے “انلیشنگ دی پاور آف کنیکٹیویٹی: پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو ڈیجیٹل حب میں تبدیل کرنا۔” کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن کی بھی میزبانی کی ۔ اس تقریب میں تعلیم، ای کامرس، سیاحت اور مہارت کی ترقی سمیت مختلف اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ پینل لائن اپ میں ایکسلریٹ پراسپرٹی کی کنٹری ڈائریکٹر روحما لبیب ، احسن میکان، نائب صدر، کنزیومر مارکیٹنگ اور ڈیجیٹل مصنوعات، ٹیلی نار پاکستان اور عبدالواباب، چیف بزنس آفیسر نے شرکت کی.مزید برآں، یو کنیکٹ کے شریک بانی، نعیم نے گلگت بلتستان میں حاصل ہونے والی کامیاب داستان سنائی ، جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح ٹیک سٹارٹ اپ نے اپنے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں میں ہنر پیدا کرتے ہوئے خطے میں 100 سے زائد ملازمتیں پیدا کیں۔
ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم اشفاق نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا، ”تیزی سے بدلتی ڈیجیٹل دنیا میں، جہاں کنیکٹوٹی ترقی کا ایک اہم جز ہے، ٹیلی نار پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی اور اس کے نتیجے میں ملنے والے فوائد پر بہت پرجوش ہے۔ گلگت بلتستان کی علاقائی دشواریوں میں جہاں کنیکٹوٹی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اعلی معیار کی سروسز کو برقرار رکھنا ایک مشکل عمل ہے۔ ہم نے یہ چیلج قبول کیا جو ان کمیونٹیز کو جوڑنے اور بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے ۔ ہم خطے کے ڈیجیٹل سفر میں تعاون کرنے اور معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے پر عزم ہیں۔
2019میں گلگت اور اسکردو میں سروسز کے کامیاب آغاز کے بعد، ٹیلی نار پاکستان نے اب اپنی رسائی ہنزہ تک بڑھا دی ہے، ایک ایسا خطہ جہاں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کمیونٹیز کے لیے ڈیجیٹل دنیا میں اپنا تعارف کروانے کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ یہ اقدام ٹیلی نار پاکستان کی جامع ترقی اور ترقی کو فروغ دینے، رابطوں کے فرق کو پر کرنے اور مقامی کمیونٹیز کو اقتصادی اور سماجی ترقی کے نئے مواقع کے ساتھ بااختیار بنانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔