کراچی( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ و شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا محبت، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارے کا پیغام لازوال ہے ، جو انصاف پر مبنی اور پرامن معاشرے کے قیام کی جدوجہد میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے شاہ بھٹائی کے سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹائی کا کلام نہ صرف سندھ کی روحانی اور ثقافت کی عکاسی کرتا ہے، بلکہ ہمیں رواداری، اجتماعیت اور ہمدردی کی قدروں کی طرف رہنمائی کرنے والا روشنی کا مینار بھی ہے۔ اُن کی تعلیمات ہمیں ظلم کے خلاف مزاحمت، سماجی انصاف کے فروغ اور تمام برادریوں میں اتحاد کی ضرورت کا ایک ابدی یاد دہانی کے طور پر کام کرتی ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ عرس مبارک کے موقع پر، ہم میں سے ہر ایک کو شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات پر غور و فکر کرنا اور محبت، عاجزی اور بے لوث خدمت کے اصولوں کو اپنانا چاہئے ۔ آئیے ہم مل کر ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشش کریں جو شاہ لطیف کے اصولوں پر مبنی ہو، یعنی ایک ایسا معاشرہ جہاں ہر فرد، خواہ اس کا پس منظر کچھ بھی ہو، کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ چیئرمین پی پی پی نے سندھ کے عوام سمیت ان تمام لوگوں کو، جنہیں بھٹائی کی تعلیمات عزیز ہیں، عرس کی مبارکباد پیش کی ہے، اور زور دیا کہ شاہ لطیف کے اقدار پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی۔