اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اپنے بیان میں دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے شہداء قوم کا فخر ہیں، پوری قوم احسان مند رہے گی،سیکورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی در اندازی کوشش کو ناکام بنایا، دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ، پوری قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔صدر مملکت نے شہداء کے لئے بلندی درجات اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔