اسلام آباد(آئی ایم ایم) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان کی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ملکی ترقی کے لیئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مہارتوں کی تربیت دینے پر توجہ کر رکھی ہے، اس سال چار ارب سے زائد یوتھ کی سکلز ڈویلپمنٹ پر خرچ کیئے جائیں گے، ڈیجی سکلز پروگرام کے ذریعے اب تک تقریبا ساڑھے چار ملین یوتھ کو ٹریننگ دی جا چکی ہے، نوجوان ڈیجی سکلز پروگرام سے استفادہ حاصل کریں۔
وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار زندگی کے ہرشعبہ میں ہے، معشیت ہو یا سیکیورٹی یا پھر کوئی اور شعبہ سب آئی ٹی پر منتقل ہو رہے ہیں، کوریا کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں آئی ٹی پارک بنا رہے ہیں جس سے کثیر تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اسلام آباد آئی ٹی پارک کے بعد دوسرا آئی ٹی پارک کراچی میں بنایا جائے گا، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر ملک میں ای روزگار سینٹرز کھولیں گے، خواتین اسٹارٹ اپس کے اندراج کے لیئے نیشنل انکوبیشن سینٹر کھولنے جا رہے ہیں۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل منتقلی کے لیئے بھرپور اقدامات جاری ہیں، اسلام آباد کو سب سے پہلے ماڈل ڈیجیٹل سٹی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا نوجوان موجود ٹیک انقلاب میں اہم کردار ادا کریں، پاکستان کی ترقی کے لیئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر بھی زور دیا، ایک فیک نیوز پورے ملک کے پرسیپشن پر اثرانداز ہوتی ہے۔