گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)صدر وومن ونگ پاکستان محترمہ کنول شوذب کی ہدایت پر یوم آزادی کے حوالے سے پاکستان تحریک ا نصاف وومن ونگ کی ضلعی صدر نیئر مرتضی لون کی رہائش گاہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دیگر پارٹی عہدیداران سمیت علاقے کی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں خواتین نے پاکستان تحریک ا نصاف وومن ونگ کی ضلعی صدر نیئر مرتضی لون کی قیادت میں ریلی نکالی اور عمران خان اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے،بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کو رہا کرو،حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی،آزادی ہمارا حق ہے،نکلو آئین کے تحفظ کے لئے ،نکلو عمران خان کی رہائی کے لئے نکلو مینیڈیٹ چوروں کے خلاف،نکلو بڑھتی ہوئی بجلی کی قیمتوں ، مہنگائی ،اور بے روزگاری کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر نیئر مرتضی لون و دیگر مقررین نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ثابت قدمی، جذبہ قربانی اور پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں کے لیئے جدوجہد کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ تمام خواتین نے عمران خان کی رہائی کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ خواتین کا جذبہ قابل دید تھا۔ اور انھوں نے عدلیہ اور حکومت سے عمران خان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ۔