گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور تجاوزات ہٹانے کا عمل جلد مکمل کر لیں گے۔ ضلعی انتظامیہ میلاد النبی کے جلوس منتظمین کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس اور مساجد کے اطراف خصوصی طور پر صفائی آپریشن کیا جائے اور جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات، بے ہنگم لٹکتی تاروں، پیچ ورک، ٹریفک پلان، کھلے مین ہول، صفائی ستھرائی، کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔ جلوس کی فول پروف سیکورٹی اور ان جلوسوں کے روٹس پرمیونسپل سروسز کی بلا تعطل فراہمی کے سلسلہ میں تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن پر عمل درآمد میں سستی اور کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار اے سی سٹی میڈم اقرا ء مبین نے انجمن میلاد کمیٹی اور پاکستان سنی فورس کے مشترکہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد میں ناظم اعلی انجمن میلاد کمیٹی صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی،سالار پاکستان سنی فورس چوھدری عدیل عارف مہر،رہنما مرکزی میلاد کمیٹی حفاف جاوید چشتی،نائب سالار پاکستان سنی فورس ڈاکٹر عبد الرشید چشتی گولڑوی،صوفی محمد عارف رضوی ودیگر شامل تھے۔
وفد نے یقین دلایا کہ کسی طرح بھی قانون کی خلاف ورزی نہ ہو گی اور درود و سلام پڑھتے ہوئے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزریں گے۔کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے منتظمین اور انتظامی افسران کا باہم رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔ اے سی سٹی میڈم اقرا ء مبین نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کو پر امن بنانے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔اس ضمن میں ڈی سی آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور جہاں پرمختلف محکموں کے افسران وعملہ اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے.