لندن(آئی ایم ایم)پاکستان کا یومِ دفاع لندن، برطانیہ میں سمندر پار پاکستانیوں نے جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں ایک استقبالیہ تقریب ملینیم گلوچیسٹر ہوٹل، لندن میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار تھے جبکہ تقریب کا اہتمام سید قمر رضا، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن نے کیا اور اس کی میزبانی محمد نوید رندھاوا، سابق چیئرمین، ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانی (WCOP) نے کی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے 6 ستمبر 1965 کو بھارت کی جارحیت کو بہادری سے ناکام بنانے والے مسلح افواج کے جری ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر طریقے سے لڑ رہی ہیں اور انہوں نے عزم کیا کہ وہ اس برائی کو جڑ سے ختم کر دیں گے۔
ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سمندر پار پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ انہیں جلد ہی پاکستانی پارلیمنٹ میں خصوصی نشستیں دے کر نمائندگی فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے مسائل ان کے اپنے نمائندوں کے ذریعے مؤثر طریقے سے حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز کا اعلان بھی کیا تاکہ وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ آف گورنرز او پی ایف کو پاکستان کے یومِ دفاع کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے استقبالیہ منعقد کرنے پر سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید قمر رضا، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن نے ڈپٹی وزیر اعظم کا استقبالیہ میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ حکومت اور سمندر پار پاکستانیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے تاکہ ہماری بیرونِ ملک مقیم برادری اور حکومت پاکستان کے درمیان اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق تمام مسائل کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔