اسلام آباد(آئی ایم ایم)پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے جمعرات کو وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر اور ہائی کمشنر نے کینیڈا پاکستان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں بشمول پاکستان میں کینیڈا کے ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران مہاجرین سے متعلق متعدد امور بشمول انتظام، وطن واپسی اور مشترکہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی وجہ سے پاکستان کی پہلے سے معیشت پر بہت زیادہ بوجھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی چاہتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی آبادکاری میں کینیڈا کی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی بہبود کے لیے مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔اجلاس میں سیکرٹری سیفران ظفر حسن اور جوائنٹ سیکرٹری آغا وسیم احمد نے بھی شرکت کی۔