اسلام آباد(آئی ایم ایم)چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ نے بروز جمعہ ضلع جہلم میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئی عمارت کی خصوصیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن جہلم کی عمارت کی تعمیر نومبر 2022 ء میں شروع کی گئی۔اس کو جدید ڈیزائن کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس میں عام شہریوں کے لیے آسان رسائی کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ بلڈنگ میں معذور افراد کے لیے خصوصی ریمپ تعمیر کیا گیا ہے۔ عمارت میں وسیع گاڑی پارکنگ کی سہولت، خوبصورت اور وسیع انتظار گاہ، بایومیٹرک ووٹنگ مشین (بی وی ایم)، آئی ٹی لیبز اور سرور رومز موجود ہیں۔
اس کے علاوہ، الیکشن افسران اور عملے کی تربیت کے لیے خصوصی ہال بھی بنائے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لحاظ سے، عمارت میں جدید سیکیورٹی نظام اور آگ بجھانے کا سامان نصب کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ہنگامی صورتحال میں اخراج کے لیے علیحدہ راستہ و سیڑھیاں بھی موجود ہیں۔ یہ نئی عمارت ضلع جہلم کے عوام کو بہتر انتخابی خدمات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس تقریب میں ریجنل الیکشن کمشنر جہلم علیم شہاب، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم محمد عرفان، الیکشن آفیسر جہلم محمد فرخ اور پی ڈبلیو ڈی کے نمائندے ملک جاوید بھی شریک تھے۔