اسلام آباد (آئی ایم ایم) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں مسلط حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے،حکمران و اپوزیشن جماعتیں ذاتی جائیدادیں اور بنک بیلنس بنارہی ہیں،ملک کی سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پیٹرول ہے ہی نہیں،مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اوردھکا دینے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا جماعت اسلامی کے تحت حق دو عوام تحریک جاری ہے اس سلسلے میں ممبر ساز ی مہم چلائی جارہی ہے۔پورے پاکستان میں 50لاکھ ممبر شب کی جائے گی، عوام جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا حصہ بنیں اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔کارکنان پورے اعتماد کے ساتھ عوام میں جائیں اور ممبر سازی مہم چلائیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد کی یونین کونسل آئی ٹین کے دورے کے موقع پر شہریوں اور کارکنان سے وخطاب کرتے ہوئے کیا۔
میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے،پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے،ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا، بدقسمتی سے ہمارے ملک پر امریکہ آلہ کار مسلط ہیں جو آئی پی پیز کے نام پر ٹیکسز وصول کر کے عوام کا خون نچوڑرہے ہیں،انھوں نے کہا حکمران پاکستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال بننے پر مجبور نہ کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔