نیویارک(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شبہاز شریف نے اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے فوری جنگ بندی اور دو ریاستی حل کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں تاریخ کا بدترین ظلم جاری ہے، اسرائیل کا بیروت پر فضائی حملہ جس میں حزب اﷲ کے ایک سینئر کمانڈر شہید ہوگئے، وہ دنیا کیلئے تباہ کن تھا، ہم اسرائیلی اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی سطح پر بھی اسرائیلی مظالم کی مذمت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کا بیروت پر حملہ پرامن دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے فوری جنگ بندی اور دو ریاستی حل کے سوا کوئی چارہ نہیں اور ہم فوری جنگ بندی چاہتے ہیں۔