اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے وویمن امپاورمنٹ میری ترجیحات میں شامل ہے اس حوالے سے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے خیبرپختونخوا کی خواتین باصلاحیت ہیں انکی راہنمائی معاشرے کے ہر طبقہ فکر کی زمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم ایس ایس ڈی او اور یو ایس آئی پی کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا وفد میں ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس، ڈائریکٹر شاہد جتوئی، ڈائریکٹر پروگرام مریم جواد، یو ایس آئی پی کے پروگرام مینیجر حمزہ اعجاز، پروگرام آفیسر بلال خٹک اور معیز شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد خیبر پختونخوا میں خواتین کی پولیس فورس میں بھرتیوں کے فروغ پر غور کرنا تھا۔ ایس ایس ڈی او اور یو ایس آئی پی خیبر پختونخوا میں خواتین کی پولیس فورس میں نمائندگی بڑھانے کے لیے آگاہی مہمات چلائیں گے اور حکومتی اداروں کے ساتھ پالیسی سازی میں معاونت کریں گے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خواتین کی پولیس فورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں اضافہ کے اقدامات میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ خواتین کی پولیس میں زیادہ شمولیت سے نہ صرف خواتین کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ معاشرتی توازن اور انصاف کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔ ہمیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین پولیس سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پولیس فورس میں ان کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک بہتر اور متوازن معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں