اسلام آباد (آئی ایم ایم)خیبر پختونخوا کے زرعی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے Pula Advisors AG، سوئٹزرلینڈ کے کنٹری ہیڈ انجینئر وداد درانی اور پیپلز پارٹی کے رہنما ایڈووکیٹ طارق خٹک نے ملاقات کی۔ ملاقات کا بنیادی مقصد خیبر پختونخوا میں Pula Advisors کی جانب سے زرعی فصل انشورنس منصوبے کا آغاز تھا، جس کا مقصد چھوٹے کسانوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ملاقات کے دوران فصل انشورنس پروگرام کے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں اس کے نفاذ کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایسے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا اور اس ضمن میں اہنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی ہے یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے زرعی شعبے کو مزید مستحکم کرے گا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کو اہم معاونت فراہم کرے گا، تاکہ صوبے میں زراعت کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔