کراچی(آئی ایم ایم) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر اور سی ای او البرکہ بینک، محمد عاطف حنیف کے ساتھ کراچی میں ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا کے بینکنگ سیکٹر سے متعلق مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا میں بینکنگ سیکٹر کی ترقی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط بینکاری نظام صوبے کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔محمد عاطف حنیف نے البرکہ بینک کی خدمات اور صوبے میں معاشی استحکام کے لیے بینک کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورنر کو آگاہ کیا کہ البرکہ بینک خیبر پختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے، جس سے صوبے کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی ملاقات میں صوبے کے دور دراز علاقوں میں بینکاری سہولیات کی عدم دستیابی اور عوامی مسائل پر بھی غور کیا گیا، جس پر گورنر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے اس ضمن میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا انہوں نے بینکنگ سیکٹر میں جدت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا بلکہ معیشت کو بھی مستحکم کرے گا۔