اسلام آباد (آئی ایم ایم) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی صدر خالد مسعود سندھو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے مگر بدقسمتی سے ملک کی سیاسی جماعتیں سیاست کو اقتدار کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہیں،آئین میں ترامیم پارلیمنٹ کا حق ہے،پر امن احتجاج ہر کسی کا آئینی حق ہے،ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو عوام کی بہتری کیلئے مل بیٹھ کر فیصلے کرنا ہونگے،رکنیت سازی کے ذریعے میرٹ پر ملک کو بہتر اوراہل قیادت دینگے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں صدر راولپنڈی اسلام آبادشفیق الرحمان وڑائچ، انعام الرحمان کمبوہ ،ڈپٹی میڈیا سیکرٹری سلیم الیاس اور یاسر عرفات بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، خالد مسعود سندھو ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میںمہنگائی اور انتشار پسندی انتہا پر ہے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے رکنیت سازی کے ذریعےانکی تربیت سازی کی جائے،اسی سلسلے میں یکم اکتوبر سے لاہور سے پارٹی کی رکنیت سازی کا عمل شروع کیا گیا ہے،رکنیت سازی مکمل ہونے کے بعد پارٹی انتخابات کروائے جائینگے جس میں پارٹی کیلئے بہتر کام کرنے والا پارٹی کی قیادت کیلئے اہل ہوگا،ہم پارٹی قیادت کی طرف سے ون مین شو اور صرف میںہوں تو پارٹی ہے والا تصور ختم کرنا چاہتے ہیں،ذاتی مفاد کیلئے کام کرنے والی سیاسی پارٹی نہیں بلکہ مفاد پرست ٹولہ ہوتا ہے،ماضی میں بھی حکومت اور اپوزیشن عوامی خدمت کے بجائےاپنی اپنی انا کے خول میں بند رہے ہیںاور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے ،ہم حکومت اور اپوزیشن دونوں سے درخواست کرتے ہیں کہ خدارا ملک اور عوام کی بہتری کیلئے ملکر بیٹھیں اور عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالیں،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے امید ہے کہ وہ اپنے اندر جمہوری رویئے لیکر آئینگی،انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے حالات آپکے سامنے ہیں، انکے عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے او آئی سی اور پاکستان کو ملکر کام کرنا چاہیئے تاکہ انہیں اسرائیلی اور بھارتی مظالم سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں ترامیم کرنا خالصتا” پارلیمنٹ کا استحقاق ہے،یہ وقت ثابت کرتا ہے کہ قانون سازی ٹھیک تھی یا غلط،ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اپنا انتخابی منشور ملک کی بہتری کیلئے ہی بناتی ہیں،جمہورت میں جمہور کا اہم کردار ہےاگر جمہور کی بات نہیں ہو گی تو پھر جمہوریت کیسے قائم رہ سکتی ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں کو آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے حکومت کو بھی ہر کسی کو پر امن احتجاج کی اجازت دینی چاہیئے،پارٹی کے راولپنڈی اسلام آباد کے صدر شفیق الرحمان وڑائچ نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو سستی روٹی،فری میڈیکل اور فری روزگار جیسے اہم اقدامات اوراپنی عوامی خدمت کی بنا پر رکنیت سازی مہم میں بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے، گو کہ اس وقت ملک اور قوم انتشار اور معاشی پریشانی کا شکار ہے مگر اس کے باوجود پارٹی کی رکنیت سازی میں عوام بڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،ہماری پارٹی کا نظریہ، نظریہ پاکستان ہے جس کو اپنا کر ملک کے بیشتر مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔