اسلام آباد(آئی ایم ایم)انسانی سمگلنگ،ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی بڑی کاروائیاں۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلروں کے نیٹ ورک پر کریک ڈاؤن جاری۔جاری کاروائیوں میں 3 انسانی سمگلرز گرفتار۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اعظم، محمد ہارون معین اور محمد اعجاز کے نام سے ہوئی۔ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں گجرات اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دیکر غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے اور لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔
ملزم محمد اعظم نے شہری کو غیر قانونی طور پر کینیڈا ورک ویزہ پر بھجوانے کے لیے 80 لاکھ روپے وصول کیے۔ملزم ہارون معین نے شہری کو امریکہ ملازمت کے لئے بھجوانے کے لیے 90 لاکھ روپے وصول کیئے.ملزم محمد اعجاز نے شہری کو غیر قانونی طور پر جرمنی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 22 لاکھ روپے بٹورے.ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے.ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے.