پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری کوارڈینیشن فرزند علی وزیر بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے ۔اس ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے صوبہ دہشت گردوں اور کرپٹ مافیا کے رحم و کرم پر ہے صوبائی حکومت امن کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکی ہے جبکہ کرپشن کی بھرپور سرپرستی کی جارہی ہے ایسے حالات سے صوبہ کو نکالنے وفاق سے صوبہ کے حقوق کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں کا جرگہ تشکیل دیا جارہا ہے۔
گورنر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عوام کی خدمت کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور صوبے کی ترقی کے لیے کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی ملک طارق اعوان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں اور جذبات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔