گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیئرمین واسا عمر فاروق ڈار کی سربراہی میں ہیڈ آفس پیپلز کالونی میں کھلی کچہری لگائی گئی۔ واسا نے کھلی کچہری منصوبے پر عمل شروع کر دیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل شوکت ڈائریکٹر انجینئرنگ کا شان حفیظ بٹ، ڈائریکٹر ایڈمن مقصود انجم رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ سمیت دیگر آفیسرز بھی موجود تھے ۔ فراہمی اور نکاسی آب سے متعلقہ صارفین واسا کی شکایات کو حل کرنے کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے ۔اس موقع پر چیئرمین واسا عمر فاروق ڈارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کو مزید کم کرنا اور فراہمی و نکاسی سمیت دیگر سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانا ترجیحات ہیں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام بھرپور طریقے سے جاری ہے جس کے تحت سیوریج کے مسائل کے فوری حل کے لئے کام کررہے ہیں۔ واسا گوجرانوالہ محدود وسائل کے باوجود بہترین کام کررہا ہے جس پر ایم ڈی واسا اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کا ازالہ ترجیحات میں سرفہرست ہے اور سیوریج مسائل کے جلد حل کے لئے ہمہ تن کوشاں ہیں، ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر سیوریج کے مسائل مختصر ترین وقت میں حل کئے جارہے ہیں ہیلپ لائن نمبر 1334 پر شہری اپنی شکایات کا اندراج کرا سکتے ہیں۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ صارفین واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی ادائیگی بروقت یقینی بنائیں تاکہ واسا فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنا سکے۔شہریوں نے کھلی کچہریاں منعقد کرنے پر حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔