ڈیرہ اسماعیل خان (آئی ایم ایم)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم اس وقت ملک کی ضرورت ہے، آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتیں بھی متفق ہیں اسکے ملک وقوم کے لیئے مثبت اثرات مرتب ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان ریجنل دفتر کے دورہ کے موقع پر کیا ، ڈیرہ ریجنل دفتر آمد پر گورنر خیبرپختونخوا کے پی آر او محمد فضل الرحمان نے انکا خیر مقدم کیا ڈیرہ اسماعیل خان کے سینیئر صحافی محمد ریحان ، وانا پریس کلب کے صدر مجیب الرحمٰن بھی اس موقع پر موجود تھے سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ان شاء اللہ ملک کے اگلے وزیراعظم ہونگے، ہم نے حلقہ کی پسماندگی کو دور کرنے کا عزم کیا ہوا ہے ڈیرہ اسماعیل خان کے باسیوں کی میاں خیل خاندان کے محبت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے لوگوں نے ووٹ کی پرچی سے ہمیں منتخب کرکے ہم پر اعتماد کیا، حلقہ کی عوام کے اعتماد کو ہر گز ٹھیس نہیں پہنچائینگے، میانخیل خاندان کی سیاست عوامی سیاست ہے، تبدیلی کے دعویداروں نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ٹرانسفارمرز کی خرید و مرمت کیلئے 12کروڑ ورپے کے فنڈز کو اتوار چھٹی کے روز ایک ہی دن میں پچھلے جعلی بلز بنا کر نکلوا لئے گئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈہ پور نے کلاچی ،درازندہ ، درابن میں تعلیم کیلئے کوئی نیا تعلیمی ادارہ نہیں بنایا اپگریڈیشن میں بھی ہمارے پسماندہ حلقے کو نظر انداز کیا گیا۔
پسماندہ علاقوں کے باسیوں کے تعلیم صحت مواصلات کی سہولیات کے حق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے تحصیل کلاچی ، درابن اور پروا دہشت گردی سے متاثرہ پسماندہ ترین اضلاع ہیں یہاں نئے تعلیمی ادارے فراہم کرنے کے بجائے پہلے سے قائم اداروں کو بھی اپگریڈ کرنے میں نظر انداز کرکے نئی نسل کے ساتھ صوبائی حکومت زیادتی کی مرتکب ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کی ہرفورم پر جنگ لڑیں گے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے عوام کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے ۔ قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا کے پی آر او ، پی آئی ڈی ڈیرہ ریجنل دفتر کے انچارج محمد فضل الرحمان نے انہیں وفاقی وزارت اطلاعات اور اسکے ماتحت ادارے کے حوالہ سے بریفنگ دی.