پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ غربت کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے جس کے لیے ہمیں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات اور مؤثر پالیسیوں کی ضرورت ہے تاکہ غربت کی دلدل میں پھنسے افراد کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے. گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں غربت کے خاتمے کے لیے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبے انتہائی ضروری ہیں دہشت گردی نے اس صوبہ میں بے روزگاری اور غربت کے پھیلاؤ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔ صوبہ میں معاشی آسودگی کے لیئے قیام امن ، وویمن امپاورمنٹ اور یوتھ انگیجنٹ ہماری ترجیحات ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کو بہتر بنا کر غربت کو جڑ سے اکھاڑا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب ہمارے کمزور طبقے کو معاشی مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں خود کفیل بنایا جائے۔ گورنر کنڈی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غربت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی تعمیر میں حصہ لیں۔