اسلام آباد(آئی ایم ایم)الیکشن کمیشن نے حلقہ پی بی-08 سبی کے ضمنی انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ کی درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 28 اکتوبر 2024 مقرر کر دی ہے۔ قانون کے تحت یہ سہولت سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اراکین، ان کی اہلیہ اور ان کے بچوں کو فراہم کی گئی ہے جو رجسٹرڈ ووٹر ہیں اور عام طور پر ان کے ساتھ رہتے ہیں، بشرطیکہ وہ اپنے حلقہ انتخاب سے باہر تعینات ہوں۔
یہ سہولت ان معذور افراد کو بھی دستیاب ہے جو سفر کرنے سے قاصر ہیں اور نادرا کی جانب سے جاری کردہ معذوری کے لوگو والا قومی شناختی کارڈ رکھتے ہیں۔ جیل میں قید یا حراست میں موجود افراد بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
ریٹرننگ افسران کی جانب سے مقرر کردہ افراد، بشمول پولیس اہلکاران، جو اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے علاوہ دیگر پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی ڈیوٹی انجام دیں گے، انہیں اپنی تقرری کے تین دن کے اندر ریٹرننگ افسر کو پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست دینی ہوگی۔
پوسٹل بیلٹ کی درخواستیں متعلقہ حلقے کے ریٹرننگ افسر کو مخصوص فارم پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ درخواست فارم منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر سبی (رابطہ نمبر: 0833-9230180) سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
جن ووٹرز کو پوسٹل بیلٹ جاری کیے جائیں گے، وہ پولنگ اسٹیشن پر جا کر ذاتی طور پر ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ غیر مجاز افراد کی جانب سے درخواست دینے سے بچنے کے لیے درخواست کو متعلقہ ووٹر کے دفتر/محکمے سے تصدیق کروانا ضروری ہے۔