اسلام آباد( آئی ایم ایم) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 17ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس المناک دن کو یاد کرتے ہوئے، جب 180 بہادر جیالوں نے جام شہادت نوش کیا، انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں جمہوریت، انصاف اور قربانی کے اصولوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں آمریت اور دہشت گردوں نے مل کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اورپارٹی کی مرکزی قیادت کو اُس وقت نشانہ بنایا، جب تیس لاکھ لوگ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ جو لوگ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے جمہوریت کی آواز کو دبانا چاہتے تھے، وہ ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے بہادر جیالوں نے جمہوریت کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی ہمارے اس طویل اور پرامن جمہوری پاکستان کے سفر کا اٹوٹ حصہ ہے، ایک ایسا سفر جس کی قیادت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی تھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ شہداء کارساز کا خون ہمیں آج بھی انتہاپسندی، ناانصافی اور ان چند عناصر کے خلاف لڑنے کی ترغیب دیتا ہے جو ہمیشہ عوام کے حقوق کو غضب کرنے پر تُلے ہوتے ہیں۔ ہمارا عزم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے ساتھ مضبوط ہے۔ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گے اور جمہوریت کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کی حفاظت کریں گے، انتہاپسندی کے خلاف ڈٹ جائیں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ کوئی طاقت ہمارے پیارے ملک کی ترقی کو پٹڑی سے نہیں اتار سکتی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےشہداء کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہپاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ان کے پیاروں کی یاد کو عزت و احترام سے زندہ اور ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔