اسلام آباد(آئی ایم ایم) ناصر منصور قریشی، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) نے تعلیمی اداروں اور کاروباری روابط کو فروغ دے کر قومی تعمیر کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونائیٹڈ کالج (MIUC) کی پرنسپل نادیہ سلطان کی سربراہی میں آنے والے طلباء کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ڈگری ایوارڈز سے آگے بڑھنا چاہیے اور گریجویٹس کو کاروباری کامیابی کے لیے جامع تربیت سے آراستہ کرنا چاہیے۔
ناصر قریشی نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے، ہمیں انہیں نوکری کے متلاشیوں کے بجائے کاروباری بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر طلباء کی کامیاب کاروباری ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور اس کے منصوبوں میں مختلف کاروباری مراکز میں ایونٹس کے مقابلوں کا انعقاد شامل ہے، جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے ایوارڈز بھی شامل ہیں۔
صدر قریشی نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ کاروباری رول ماڈل متعارف کرائیں، انکی کامیابی کی تفصیلات کو نصاب میں شامل کریں جس سے طلباء کو ان لیڈروں جیسا بننے کی ترغیب ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ایک تھنک ٹینک اور آر اینڈ ڈی سیل قائم کرے گا، جس میں دلچسپی رکھنے والے طلبا کو بھی دعوت دی جائے گی کہ وہ کاروبار کی ترقی کے لیے آئیڈیاز شیئر کریں۔
نادیہ سلطان، پرنسپل میٹرو پولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج (MIUC) نے چیمبر کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ MIUC کے طلباء کو ICCI کی بیسٹ پریکٹیسزسے آگاہی دلوائی جاسکے اور انہیں اس قابل بنایا جائے کہ وہ اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کو مارکیٹ کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرسکیں۔
سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے دورہ کرنے والے وفد کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔