اسلام آباد(آئی ایم ایم) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر بیلا فزیکاس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے ہنگری کے سفیر کو خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے تجارتی اور اقتصادی سطح پر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی اقتصادی ترقی کے امکانات پر بھی زور دیا۔فیصل کریم کنڈی نے ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو شعبہ تعلیم میں دوطرفہ تعاون اور تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے ہنگری کی یونیورسٹیوں کی فیکلٹی اور طلبہ کو دورہ پشاور کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوطرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے تاکہ باہمی ترقی اور خوشحالی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ ہنگری کے سفیر نے خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی ترقیاتی امور میں شمولیت ، وویمن امپاورمنٹ اور فروغ تعلیم کے اہداف کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی.