اسلام آباد(آئی ایم ایم)پاکستان ازبکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔یہ بات ازبکستان کے سفیر علیشیر تختائیف نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے خطاب میں کہی۔اس موقع پر وفد میں شامل کمرشل قونصلر بہرام یوسف، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ازبکستان کے ڈپٹی چیئرمین صفروف حلیم جان، ڈپٹی چیئرمین کیمیکل انڈسٹری ایسوسی ایشن تختائیف اکبر جان اور ڈائریکٹر کمیکل انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ دیورونوف سردار بھی موجود تھے۔اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ دوطرفہ تجارت میں گزشتہ برسوں کے دوران 50 سے 55 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے جو 50 ملین ڈالر سے بڑھ کر 240 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، انہوں نے تاشقند اور لاہور کے درمیان نومبر یا دسمبر میں براہ راست پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے کا ,بھی انکشاف کیا جس سے یقیناً تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ سمیت مختلف تجارتی میکنزم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کو آگے آنا چاہیے اور دونوں اطراف کے زیادہ سے زیادہ فائدے کے لیے ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایک متحرک صنعتی کلسٹر کا حامل ہے، جس میں دواسازی کی صنعتیں، اسٹیل ری رولنگ پلانٹس، اور ماربل کی صنعتیں ہیں، جو اسے سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بناتی ہیں۔ تاہم، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان موجودہ تجارتی حجم اپنی صلاحیت سے کم ہے اور اس پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) کا مقصد ازبکستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، جس سے تجارتی تعاون میں اضافہ اور باہمی فوائد کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے تاجروں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے، تجارت کو آسان بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دے گی۔ کمرشل قونصلربہرام یوسف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کاروباری وفود کے لیے ویزا کے آسان طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ازبکستان کی کیمیکل انڈسٹری ایسوسی ایشن کے ڈپٹی چیئرمین تکتائیف اکبر جان نے ازبکستان کی کیمیائی صنعت میں پرکشش سہولیات پر روشنی ڈالی جس میں ٹیکسٹائل، تیل اور گیس، اور دھات کاری کی صنعتوں کے ساتھ ساتھ نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاش، اور معدنی کھادوں میں استعمال ہونے والے کیمیکلز شامل ہیں۔
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ازبکستان کے نائب چیئرمین صفروف حلیم جان نے کہا کہ دونوں چیمبرز کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا کر ازبکستان اور پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے مواقع اجاگر کر سکتے ہیں۔سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، سابق صدور ایم اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، زاہد مقبول اور آئی سی سی آئی کے رکن نعیم صدیقی نے بھی باہمی اقتصادی ترقی اور خاص طور پر سیاحت میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، عمیر عبدالناصر، عتیق الرحمان، نوید اقبال ستی، چوہدری محمد عرفان، روحیل انور بٹ اور اسحاق سیال بھی موجود تھے۔