اسلام آباد (آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری سے روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ولنٹینا متوینکو کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے باہمی مفاد میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں عوام کے مابین تعلقات، سکالرشپ پروگراموں کے ذریعے ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ صدر مملکت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں روس کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اشک آباد کے دورے کے دوران صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ اپنی حالیہ خوشگوار بات چیت کا بھی ذکر کیا۔
صدر مملکت نے برکس کا رکن بننے کیلئے روس کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی۔ برکس کا رکن بننے سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تعاون میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، نارتھ سائوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے ذریعے علاقائی روابط، تجارتی تعلقات، اقتصادی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ولنٹینا متوینکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ معزز مہمان نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا۔
انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کامیاب میزبانی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لئے پاکستان کی حمایت پر روس کا شکریہ ادا کیا۔