اسلام آباد (آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر ترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ترکیہ کے 101 ویں یوم جمہوریہ پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ ایک صدی میں مختلف شعبوں میں مثالی ترقی کی ہے، امید ہے کہ ترکیہ صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترقی کی مزید منازل طے کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان -ترکیہ تعلقات مشترکہ تاریخ، اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان اور اس کے عوام ترکیہ کی ترقی و خوشحالی کے متمنی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے اور پاک-ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔