اسلام آباد (آئی ایم ایم)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے ایم ایس الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال بریگیڈئر (ر) سید ظفر حسین، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کے ہمراہ منصورہ ہسپتال میں دو روزہ فری گائنی میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر نثار شاہ، عبدالعزیز عابد، ڈاکٹرروبینہ قاسم، ڈاکٹر عظمیٰ آصف و دیگر بھی موجود تھے۔ دو روزہ فری گائنی کیمپ میں خواتین کے گائنی کے متعلق مختلف ٹیسٹ اور ان کو فری میڈیسن مہیا کی جائیں گی۔ گائنی کیمپ کے پہلے روز سیکڑوں خواتین کا مفت میڈیکل چیک اپ اور ان میں مفت ادویات فراہم کی گئیں اور میڈیکل ٹیسٹ فری کیے گئے۔
امیر العظیم نے منصورہ ہسپتال کے ڈاکٹرز، سٹاف اور کیمپ میں آنے والے مریضوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے عوام کی ہر شعبہ زندگی میں خدمت خلق میں مصروف عمل ہے جو کہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں ہسپتال، شفا خانے چل رہے ہیں جہاں رعائتی نرخوں اور بالخصوص متوسط غریب طبقے کا فری علاج کیا جاتا ہے۔ ان شاء اللہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر صحت کی سہولیات ملک کے ہر کونے تک پہنچائے گی۔
ایم ایس الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال بریگیڈئر (ر) ظفر حسین نے کہا کہ منصورہ ہسپتال کے تحت بہت جلد موبائل ہیلتھ یونٹ کا آغاز کر رہا ہے جو ہسپتال اور آس پاس کی آبادیوں میں عوام کو فری میڈیکل کی سہولت فراہم کرے گا۔ ایڈمنسٹریٹر الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم منصورہ ہسپتال کو جو جدید طبی تقاضوں کے مطابق ترتیب دیں گے تاکہ عوام کو سستا معیاری علاج کی سہولیات مل سکیں۔