اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر ) قومی مینز ٹیم ہیڈ کوچ سٹیفن کونسٹنٹائن کے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ معاہدے کی مدت مکمل ہوگئی، ہارون ملک کی سربراہی میں کام کرنے والی پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی نے ستمبر 2023 میں ان کا تقرر کیا تھا، کونسٹنٹائن کی کوچنگ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ اپنے پیغام میں کونسٹنٹائن نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی ٹیم کی کوچنگ کا شاندار موقع فراہم کرنے پر پی ایف ایف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اس دوران تاریخی لمحات دیکھنے کو ملے، 17 اکتوبر 2023 کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کمبوڈیا کے خلاف فتح کےموقع پر مناظر زندگی بھر نہیں بھلا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر میں سٹاف کا تعاون مثالی رہا، مشکل سفر میں ہر قدم پر ساتھ دینے اور قابل قدر خدمات سر انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان میں فٹبال سے بے پناہ لگاؤ رکھنے والے شائقین نے قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جس کی وجہ سے شاہینز تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ قوم ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان فٹبال کیلئے کونسٹنٹائن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔