اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی انکے ہمراہ تھے ، ملاقات میں خیبرپختونخوا کے مالی مسائل، ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی فنڈز کی فراہمی، اور صوبے کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے وزیر خزانہ کو صوبے میں تعلیم، صحت، اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست کی تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اقتصادی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے صوبے کے عوام کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ وفاق صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جلد ہی اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ صوبے کی معاشی بہتری میں تعاون کیا جا سکے۔