پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنوبی اضلاع کو گیس فراہمی میں حائل رکاوٹوں اور عوامی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے شکایات کو دور کرنے ، کم پریشر کا مسئلہ فوری حل کرنے اور ڈیرہ کے نواحی علاقوں کو فوری گیس فراہمی کی ہدایات جاری کیں یہ ہدایات انہوں نے سوئی نادرن گیس کے اعلی سطحی اجلاس میں اظہار خیال کے دوران کیا اجلاس میں جی ایم وقاص اللہ شنوائی اور ڈیرہ ، کرک، لکی مروت ، بنوں، بھکر ریجن کے حکام نے بریفنگ دی ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری کوارڈینیشن اور انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند علی وزیر بھی موجود تھے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ہدایات جاری کیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں سردیوں کی آمد سے قبل گیس کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے لیئے ٹی بی ایس پر جلد کام شروع کیا جائے ، کوٹلہ سیداں ، کورائی اور ملحقہ آبادیوں میں گیس فراہمی کے کام کا رواں ماہ کام شروع کیا جائے اور جنگی بنیادوں پر اسکو مکمل کیا جائے ، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انڈسٹریز کو گیس فراہمی یقینی بنانے سمیت گل امام ٹانک کو گیس فراہمی کے حوالہ سے جلد رپورٹ تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں ، گیس حکام نے گورنر خیبرپختونخوا کو کوٹ پالک گیس ذخیرہ کے حوالہ سے بریفنگ دی گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مذکورہ پلانٹ کی گیس پانچ کلومیٹر کے دائرہ میں درابن کی ابادی کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی ، ڈیرہ اسماعیل خان میں پانچ نئے ٹی بی ایس مسلم بازار ، فقیر آباد ، اعوان آباد ، محلہ عالمشیر ، باری استرانہ کی آبادیوں کے لیئے لگائے جائیں گے جس سے کم پریشر کا مسئلہ حل ہوگا جبکہ دو ٹی بی ایس ٹانک میں لگائے جائیں گے۔
محکمہ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 26 ہزار گیس صارفین ہیں مختلف مسائل کی بنیاد پر آٹھ ہزار گیس میٹرز تبدیل کیئے جائینگے جبکہ متعدد ٹی بی ایس کو علاقہ وائز الگ کیا جائے گا جس سے کم پریشر اور گیس لیکیج اور دیگر مسائل سے بھی نجات ملے گی ۔