اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) نے طلباء کو گریجویشن کے بعدکاروبار کیلئے متعلقہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے انڈسٹری اور اکیڈمی کی شراکت داری قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اہم مفاہمت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی اور ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی کی ملاقات کے دوران طے پائی۔ صدر ICCI نے ایک منظم مہارت کی ترقی کے پروگرام کے قیام کی تجویز پیش کی جس میں آخری سمسٹر کے طلباء کو عملی مہارتوں کے ذریعے صنعت کے موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جو انہیں پیشہ ورانہ کرداروں کے لیے بہتر طور پر تیار کرے گی۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ چیمبر-نمل کو ایسے ہنر مند شعبوں کی نشاندہی کرنے میں مدد کرے گا جن کی کاروباری اور صنعت کے شعبوں میں زیادہ مانگ ہے، نیز مہمانوں کے لیکچرز، ورکشاپس اور ممکنہ انٹرن شپس کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے طالب علموں کے لیے عملی مہارتوں کے پروگرام کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس تجویز کا مثبت جواب دیا اور آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر اس پروگرام کو تیار کرنے اور لاگو کرنے میں NUML کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
فریقین نے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کی تفصیلات اور نفاذ کی ٹائم لائن کا خاکہ پیش کرنے کے لیے ICCI اور NUML کے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکنگ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔ پروگرام کے ڈھانچے، نصاب اور آغاز کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک فالو اپ میٹنگ کی تجویز پیش کی گئی۔آئی سی سی کے ممبران نعیم صدیقی اور عدنان مختار بھی آئی سی سی آئی کے صدر کے ہمراہ تھے۔