لاہور (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی ،ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوانے صوبوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، مشترکہ چیلنجز اور تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے بین الصوبائی ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کی اہمیت پر بھی گفتگو کی تاکہ نوجوانوں کو مختلف مواقع فراہم کیے جا سکیں اور انہیں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار کیا جا سکے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان یونیورسٹیوں کی سطح پر وفود کے تبادلے ہونے سے جہاں صوبوں میں محبتیں پروان چڑھیں گی وہیں ہمارے نوجوان مذید بہتر سوچ کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھنے کے قابل ہونگے ۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خیبرپختونخوا کے روشن امیج کے حوالہ سے گورنر خیبرپختونخوا کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ ملاقات میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔