اسلام آباد(آئی ایم ایم)چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا کی قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایوان صدر میں ملاقات۔ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، قائم مقام صدر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی کے تحفظ کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کے بل کی منظوری اہم پیش رفت ہے۔بل کے تحت خصوصی عدالتیں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے سے متعلق مسائل ۹۰ دن میں نمٹائیں گی۔بیرون ملک پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، قائممقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔قائممقام صدر نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔