اسلام آباد(آئی ایم ایم) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 14 نومبر 2024ء کو سبی (پی بی 8) میں ہونے والے ضمنی الیکشن اور صوبہ سندھ میں منعقد ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر (EMCC) قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ مرکز عوام کی سہولت کے لیے خصوصی طور پر تشکیل دیا گیا ہے، جہاں انتخابی عمل سے متعلق شکایات کا اندراج اور ان کا فوری حل ممکن ہو سکے گا۔
کمیشن نے چار سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کیے ہیں، جن میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم شامل ہیں۔ شکایات کے اندراج کے لیے عوام complaints@ecp.gov.pk پر ای میل کر سکتے ہیں، جبکہ خصوصی ہیلپ لائن 051-111-327-000اور فیکس نمبر 051-9204404 بھی قائم کیے گئے ہیں۔ سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائے گا۔ 13 نومبر تک EMCC صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرے گا، جبکہ 14 نومبر کو پولنگ کے دن سے لے کر نتائج کے حتمی اعلان تک مسلسل آپریشنل رہے گا۔
اس کے علاوہ سبی (پی بی 8 ) ضمنی الیکشن کے حوالے سے یہ واضح کیا جات ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017ء کے سیکشن 182 کے مطابق، آج کی شب 12 بجے کے بعد تمام سیاسی سرگرمیوں، بشمول جلسوں، جلوسوں اور کارنر میٹنگز پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ اس دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر کسی بھی قسم کی سیاسی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔
مڈیا اداروں پر واضح کیا جاتا ہے کہ وہ پولنگ کے اختتام کے 1 گھنٹے بعد ہی غیر حتمی نتائج نشر کر سکتے ہیں، تاہم انہیں واضح طور پر بتانا ہوگا کہ یہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج ہیں۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔