اسلام آباد(عامر رفیق بٹ)پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیرِڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کو پاکستان میں شاندار سفارتی خدمات کے اعتراف میں گلوبل ایمبیسیڈرایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔پاکستان میں عالمی عوامی سفارت کاری کے ادارے “ڈپلومیٹک انسائٹ” نے سفیرِڈاکٹر جمال بکر کی ایتھوپیا اور پاکستان کو قریب لانے کے لیےغیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعزاز سے نوازا۔
گلوبل ایمبیسیڈرایوارڈ کی چھٹی تقریب 2024 اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے سفراء، سفارتی عملہ، پارلیمانی اراکین، سرکاری اہلکار، کاروباری برادری، تعلیمی ادارے، میڈیا اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔پاکستان کے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر جناب رانا احسان افضل خان نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ، جو ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، نے آسٹریلیا، بحرین اور پاکستان میں ایتھوپین مشنز کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے، جنہیں سرکاری سطح پر سراہا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی انہیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بہترین سفیر کے ایوارڈسے نوازا گیا، اس کے علاوہ نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے امن ایوارڈ، اور COMSTECH کی جانب سے دو ملکوں کے درمیان اخوت کے فروغ پر ایوارڈز مل چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی شہر کراچی میں ایتھوپین ایئرلائنز کا آغاز کیا، پاکستان سےدو 80 رکنی تجارتی وفود کو ایتھوپیا بھیجا اور ایتھوپیا سے ایک 50 رکنی وفد کو پاکستان مدعو کیا۔ ان کے دو سالہ سفارتی مشن میں تجارت، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔پاکستان میں ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کے “گرین لیگیسی انیشی ایٹو”، ایک شجرکاری مہم، کا آغاز بھی ڈاکٹر جمال بکر کی کاوشوں میں شمار ہے۔
سب سے بڑھ کر، ڈاکٹر جمال بیکر نے ان دو قدیم تہذیبوں کو قریب لاکر حکومت سے حکومت، عوام سے عوام، کاروبار سے کاروبار اور معاشرے کے دیگر طبقات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنایا ہے۔ یقیناً، یہ ایوارڈ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے مستحکم تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔