پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایس ائی ایف سی میں جنوبی اضلاع کے مسائل کو اجاگر کرنے میں کوشاں ہیں اس جانب توجہ مبذول کرنا انتہائی ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جس نے چیمبر کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر رشید احمد پراچہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو وفاق نے ایکسپو سنٹر کے قیام کے لیئے فنڈز جاری کردئیے ہیں اسے جلد مکمل کرلیا جائے گا ، وفاقی وزیر اطلاعات نے ثقافتی سرگرمیوں کے لیئے بھی ایک ہال کے قیام کی منظوری دے ہے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے تاجروں اور خیبرپختونخوا کے تاجروں ، صنعتکاروں کے درمیان رابطے استوار کرنے میں کوشاں ہوں۔ تاجکستان کے ساتھ ہمارے کاروباری ترقی کے مثالی مواقع موجود ہیں اس حوالہ سے بھی گورنر ہاؤس کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کو پرامن ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے ،خیبر پختونخوا کے وسط ایشیاء سے تجارت کے سات روٹ ہیں اگر وہ بحال ہو جائیں تو ہمارے صوبہ کی تقدیر بدل جائے گی۔
ملاقات میں صنعت و تجارت کے فروغ کے سلسلہ میں تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع خصوصا کوہاٹ میں انویسٹرز موجود ہیں چیمبر آف کامرس کی کوششوں سے کارخانہ لگانے کے ماحول میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لیکن اداروں اور سہولیات کی عدم دستیابی روابط کی کمی اس میں بڑی رکاوٹ ہے جبکہ سکندر قلی خان نے بابری کاٹن ملز کوہاٹ اور حاجی بازگل آفریدی نے درہ آدم خیل میں کاروباری مسائل سے آگاہ کیا وفد نے کوہاٹ میں وفاق کے زیرانتظام سمیڈا کے آفس . بجلی کے نرخوں میں کمی ودیگر سہولیات۔ ریلیف۔ مراعات و مطالبات کی سفارشات متعلقہ اداروں کو ارسال کرنے کی درخواست کی۔ جس پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی نمائندہ کی حیثیت سے اپنے صوبے کے لئے جو ممکن ہو کروں گا وفاقی حکومت بھی صنعت وتجارت کے فروغ میں سنجیدہ ہے اور پاکستان کی معاشی صورتحال بھی بہتر ہو رہی ہے جس کی انٹرنیشنل ادارے بھی گواہی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی محکمہ جات سے متعلق کوہاٹ چیمبر کے مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا ،وفد میں کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران فہیم اللہ۔ ادریس آفریدی۔ ارشد حیات۔ انجنئیر سید فائق شاہ۔ عبدالروف ایڈوکیٹ۔ اسد جاوید۔ عظمت جمیل۔عمارالدین۔ اپٹما کے افتخاراللہ۔ محسن عتیق۔ کرنل ر جواد پراچہ۔ کامران طاہر۔ خالد محمود۔ تاجمین علی۔ اقبال میر۔ توصیف پراچہ۔محسن نعیم۔ جاسم شاہ ۔ محمد عماد۔ مدثر عفیف موجود تھے آخر میں گورنر خیبرپختونخوا کی طرف ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ اجلاس کے بہترین نتائج مرتب ہوں گے۔