پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے FUSE فاونڈیشن کی سربراہ طلعت اعظم نے ملاقات کی ، گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں خواتین کی خودمختاری، حقوق کے فروغ، اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت کے لیے درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کاروبار میں خواتین کی شمولیت اور بزنس اسٹارٹ اپس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا اور ان کی مالی معاونت سے انہیں خود مختار بنانا معاشرتی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا معاشرتی، معاشی اور سیاسی میدان میں فعال کردار ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کی خودمختاری اور کاروباری مواقع کی فراہمی کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
گورنر نے کہا کہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومتی سطح پر خصوصی پروگرامز اور بزنس اسٹارٹ اپس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خواتین اپنی کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف خود مختار بن سکیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے FUSE فاونڈیشن کی سربراہ طلعت اعظم کی جانب سے ایک ہزار بچیوں کی اپنی مدد آپ سے تربیت کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ عملی تجاویز کے ساتھ متحرک افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔