اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسانی حقوق کی فراہمی، عالمی امن کے حصول اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو پارلیمانی روابط سے مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے اسپین کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ اسپیکر نے اسپین کے پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا۔
اسپیکر نے کہا کہ زراعت، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر سراہا۔انسداد دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور دہشتگردی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کیا کہ عالمی امن کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے جنگوں کی بجائے مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی۔ اسپیکر نے کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسپین کے پارلیمانی وفد نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔ وفد نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمینٹری سروسز (PIPS) کو سراہا اور PIPS میں جاری جدید کورسز کو اپنے ملک میں متعارف کروانے کی خواہش ظاہر کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر اسپین کے وفد کو شیلڈز پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی/کنوینر سید علی موسیٰ گیلانی اور پاکستانی سفیر ظہور احمد سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔