اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستانی باکسر محمد وسیم المعروف ‘فالکن’ نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں بین الاقوامی لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران محمد وسیم، جن کا پیشہ ورانہ ریکارڈ 13 فتوحات (جن میں 9 ناک آؤٹ شامل ہیں) نے پاکستان میں ایک عالمی معیار کی باکسنگ ایونٹ کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا۔وسیم نے گورنر۔فیصل کریم کنڈی کی کھیلوں کے فروغ اور علاقائی کھلاڑیوں کی حمایت کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔گورنر نے وسیم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کا دفتر کھیلوں کی ترقی اور ہمارے کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے کوششوں کو آگے بڑھائیں گے اور انہیں ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی معیار کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ مقابلہ کر سکے۔مجوزہ چیمپئن شپ سے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ نوجوانوں کو کھیلوں میں شرکت کی ترغیب ملے گی اور پاکستان کی بین الاقوامی اسپورٹس کمیونٹی میں ساکھ بہتر ہوگی۔