اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن اور ہیڈ آف ایجوکیشن سے ملاقات کی جس میں صوبے میں تعلیم اور مہارتوں کی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے اپنی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعلیمی معیار کو بلند کرنا، نوجوانوں اور خواتین کو تربیتی پروگراموں کے ذریعے بااختیار بنانا اور خیبرپختونخوا کی جامعات اور انگلینڈ کی جامعات کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان شراکت داریوں کا مقصد طلباء اور اساتذہ کے تبادلے کے ذریعے عالمی مہارتوں کو خیبرپختونخوا کی جامعات تک لانا ہے۔گفتگو کے دوران گورنر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) کے خیبرپختونخوا چیپٹر کے حوالے سے اپنے وژن پر بھی بات کی اور اس کی خدمات میں جدت پسندی اور وسعت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے خیبرپختونخوا کی جامعات کے طلباء، خصوصاً نوجوان خواتین، میں آرٹس اور ڈیزائن کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور بتایا کہ اس منصوبے کے لیے برٹش کونسل کے ساتھ اشتراک کی باضابطہ تجویز بھیجی جا چکی ہے۔
جیمز ہیمپسن نے آئی ایم سائنسز یونیورسٹی، پشاور میں ایک جدید ہنر مند مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے قیام کی برٹش کونسل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا اور گورنر کو جنوری 2025 میں اس مرکز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔برٹش کونسل کی ٹیم نے گورنر کو GOAL “گول” پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس کا مقصد پنجاب اور خیبرپختونخوا بشمول ضم شدہ اضلاع میں 2,50,000 غیر تعلیم یافتہ بچیوں کا داخلہ ہے۔ مزید یہ کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) اور ملک بھر میں جاری اعلیٰ تعلیمی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔