گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)ملک کے سیاسی حالات، احتجاج اور راستوں کی بندش پر کاروباری برادری پھٹ پڑی ،جب تک ملک سے سیاسی ابتری کا عالم ختم نہیں ہوتا اس وقت تک ہمارے معاشی حالات بھی نہیں بدل سکتے ۔ صدر مرکزی انجمن تاجران گوجرانوالہ شیخ بابر کھرانہ نے اپنے بیان میں ریاست کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ خدا را ملک میں سیاسی افراتفری کا سیاسی حل نکالا جائے۔ اس وقت ملک بھر میں افراتفری کا عالم ہے عوام پریشان ہیں ۔ راستوں کی بندش سے صنعتیں بند ہوگئی ہیں۔دہاڑی دار طبقہ کے لئے روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے۔کاروباری پہیہ بلکل رک چکاہے جس سے تاجر برادری پریشانی کا شکار ہے۔ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ملک بھر میں سامان کی ترسیل رک چکی ہے۔ ملک بھر میں سامان کی ترسیل والے کنٹینرز سڑکوں پر پڑے ہیں۔ میڈیکل اسٹوروں پر ادویات کا پہنچنا ناممکن ہو چکا ہے۔
مریضوں کی ہسپتالوں تک رسائی ناممکن ہو چکی ہے۔ ایمبولینسوں میں لوگ مر رہے ہیں ان کو بھی راستہ نہیں دیا جا رہا۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سبزی منڈیاں بند پڑی ہیں۔ ملک بھر میں دودھ کی سپلائی بند ہو چکی ہے۔ فروٹ اور سبزیاں راستوں میں گل سڑ رہی ہیں۔ملک کے شہری اپنے اپنے شہروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ صدر مرکزی انجمن تاجران گوجرانوالہ شیخ بابر کھرانہ نے کہا ہے کہ ریاست کے ذمہ داروں سے اپیل کرتا ہوں اگر ملک چلانا ہے تو کوئی حل نکالیں۔