پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متاثرین کرم کے مسائل کے حل کے لیئے اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم پیس نیٹ ورک اور ہلال احمر کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کردی ہے ، گزشتہ روز سحر انٹرنیشنل ، پیس نیٹ ورک اور آئی ایم آئی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کرم کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالہ سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے آن لائن سیشن کے فیصلہ کے نتیجہ میں ہلال احمر خیبرپختونخوا دفتر میں خصوصی سیل قائم کردیا ہے۔
اس حوالہ سے مشترکہ خصوصی امدادی کمیٹی قائم کی ہے جس کے ممبران میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی تنظیم سحر انٹرنیشنل ، پیس نیٹ ورک کی جانب سے ڈاکٹر علی رضا ، ڈاکٹر قمبر جعفری ، ڈاکٹر میر اصغر اور ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے وائس چیئرمین فرزند علی خان وزیر ، ضم اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر ، پی ایس او ٹو گورنر تنویر حسین ملک ، ہلال احمر کے سعید کمال اور سید علی حسن شامل ہیں ۔ یہ کمیٹی کرم کے متاثرین کو فوری طور پر اور مستقبل میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔