اسلام آباد(آئی ایم ایم)حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور سعودی ائیرلائن کے مابین معاہدہ طے پا گیا،معائدے کے مطابق سعودی ایئرلائن35ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کو سفری سہولیات مہیا کرے گی، معاہدے پر وزارت مذہبی امور میں دستخط کیے گئے، سعودی ایئرلائن کے پاکستان میں کنٹری مینیجر سلطان الحربی اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطا الرحمن نے معاہدے پر دستخط کیے۔
سعودی ایئرلائن کے کنٹری مینیجرنے پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا،ایڈیشنل سیکریٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ پاکستانی حجاج کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس سے قبل 35ہزار حجاج کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے وزارت مذہبی امور اور قومی ایئرلائن پی آئی اے کے درمیان بھی معاہدہ کیا جاچکا ہے۔