اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت کی بحالی کے لیے بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم اور قائد حزب اختلاف بننے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس سے ملک کی خواتین کو سیاست میں آنے اور اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر کیا جو ہر سال 27 دسمبر کو ملک بھر میں عقیدت اور احترم کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میاں محمّد نواز شریف اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کوششوں کی وجہ سے میثاق جمہوریت ممکن ہوا جو ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کا بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے بدولت 18ویں اور 26 ویں ترامیم کے ذریعے 1973 کے آئین کو اپنی اصل روح میں بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شکر گزار ہے جنہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف کے درمیان کئے گئے میثاق جمہوریت کے عہد کو نبھایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت کی بحالی، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، پارلیمانی بالادستی اور خاص طور پر خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات کی مؤثر نمائندگی کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے موجودہ دور میں قومی مفاہمت کو فروغ دینے اور قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینے کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔