اسلام آباد(آئی ایم ایم) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) دارالحکومت کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے جس کا مقصد ایک صحت مند، صاف ستھرے اور سرسبز اماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ بات آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدالرحمان صدیقی نے چیمبر ہاؤس میں آئی سی سی آئی کی ذیلی کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس کے دوران بتائی۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور منشیات کے کاروبار کو بے نقاب کرنے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام شہریوں کی ذمہ داری کو اجاگر کیا۔
انہوں نے ریاستی اداروں جیسے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) اور پولیس کی ہر سطح پر منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ان ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کو یقینی بنایں جہاں تک آئی سی سی آئی کا تعلق ہے تو وہ کمیونٹی کو حساس بنانے کے لیے سیمینارز، واکس اور کھیلوں کی تقریبات کے ذریعے شعور بیدار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
قائم مقام سینئر نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے سے، ICCI کا مقصد ایک محفوظ ماحول پیدا کرنا ہے جو کاروبار کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے بھی ضروری ممدو معاون ہو گا اور توقع ہے کہ اس باہمی تعاون سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور اسلام آباد کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔
اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر آف لیگل راجہ طارق محمود کیانی نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان منشیات کے استعمال کا اصل شکار ہیں۔ انہوں نے مستقبل کے معماروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اے این ایف ہر سطح پر اس لعنت کو روکنے کی کوششوں میں آئی سی سی آئی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
انسداد منشیات کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر محمد احتشام چوہدری نے منشیات کے کاروبار میں ملوث ریاست مخالف عناصر کے خاتمے کے لیے کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایگزیکٹو ممبر اور معاون کنوینر ملک محسن خالد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تاجر برادری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے چیمبر کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔