اسلام آباد (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے خیبر پختونخوا میں اس حوالہ سے سماجی فلاحی تنظیموں کے متحرک کردار کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم ایڈ کے ہیڈ آف آپریشن آصف چشتی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر خیبرپختونخوا سے خصوصی ملاقات کی ملاقات میں مسلم ایڈ کی جانب سے خیبر پختونخوا میں چترال میں سیلاب متاثرین اور اپر اور لوئر دیر میں تنظیم کے فلاحی کاموں کے بارے میں گورنر کو بریفنگ دی گئی گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک ، لکی ، بنوں ،کرک اور وزیرستان کے باسی بھی سماجی تنظیموں کی امداد کے منتظر ہیں انہوں نے کہا کہ انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا صوبہ بھر میں بحرانی کیفیت میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے مسلم ایڈ اور ہلال احمر خیبرپختونخوا متحد ہوکر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیں ملاقات میں خیبرپختونخوا اور بالخصوص کرم متاثرین میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل فوڈ آئٹمز اور ٹینٹ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔